چناری، محفل میلاد مصطفیﷺبسلسلہ ایصال ثواب سابق مدرس ادارہ ہذا علامہ منیر احمد چشتی مرحوم کا انعقاد

جمعہ 15 اگست 2025 21:07

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)مرکز اہلسنت دارلعلوم سکندریہ میں محفل میلاد مصطفیﷺبسلسلہ ایصال ثواب سابق مدرس ادارہ ہذا علامہ منیر احمد چشتی مرحوم منعقد ہوئی، جس کی صدارت صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین شاہ کاظمی سجادہ نشین دربار عالیہ سکندریہ نے کی،محفل میلاد مصطفیﷺ میں بانی چیف کوارڈینیٹر و ناظم اعلی مرکزی سیرت کمیٹی ضلع جہلم ویلی پیر سید احسان الحسن گیلانی،علامہ پیر سید محسن کاظمی،سید ارشاد ہمدانی،ممبر پریس فاؤنڈیشن آزاد کشمیر محمد اسلم مرزا،سید ظاہر ہمدانی سمیت کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی، علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا ذکر کرنا اور شکر بجالانا فلاح و نجات اور خیر و برکت کا باعث ہے، رسالت مآب ﷺ وجہ تخلیق کائنات ہیں اور آپ ﷺ کی آمد جمیع انسانیت کیلئے عظیم نعمت ایزدی کی حیثیت رکھتی ہے قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے علاوہ بھی بعض انبیاء کرام کی ولادت کا تذکرہ کیا ہے جس سے انبیاء عظام کی عظمت اور شان نبوت کا واضح اشارہ ملتا ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں رسول اکرم ﷺ کی ولادت مبارکہ کا تذکرہ جمیل تمام مخلوقات کیلئے رحمت اور اپنا احسان عظیم کہہ کر کیا ہے عظیم الشان محفل میلاد مصطفیﷺ سے علامہ مفتی محمد مقصود کیانی ،ترجمان جماعت اہلسنت جہلم ویلی علامہ مفتی محمد سرویدعباسی چشتی،رہنماء الکرم فرینڈز جہلم ویلی علامہ محمد اشفاق اعوان،رہنماء الکرم فرینڈز علامہ سفیر احمد عباسی،صدر منہاج القرآن جہلم ویلی علامہ غضنفر علی قادری و دیگر نے علامہ منیر چشتی کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جبکہ علامہ عاقب الیاس عباسی،جواد شفیق قادری،علامہ عابد علی قادری،سید صدام کاظمی و دیگر نے احسن انداز میں بارگاہ رسالت مآبﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور علامہ ممتاز گولڑوی و کامران عباسی نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے، منعقدہ تقریب میں علامہ قاری ظہور الرحمن فیضی،سید محب علی کاظمی،قاری فیصل عباسی،علامہ سید وسیم کاظمی،سید عاقب کاظمی،علامہ عباس خان،علامہ معروف خان،خواجہ عرفان احمدسمیت کثیر تعداد میں علماء کرام و طلبہ دارلعلوم سکندریہ و عزیز و اقارب نے شرکت کی جبکہ علامہ خواجہ محمد عمران تبسم نے بطور میزبان شرکاء تقریب کا شکریہ اداء کیا عظیم الشان محفل میلاد مصطفیﷺ کے اختتام پر صاحبزادہ پیر سید فیاض حسین کاظمی سجادہ نشین دربار عالیہ سکندریہ نے علامہ حافظ منیر احمد چشتی کے درجات کی بلندی،ملک پاکستان کی سلامتی،کشمیرا ور غزہ کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔