ئ*چہلم امام حسینؓ اور عرس داتا علی ہجویریؒ پر پنجاب پولیس کا ہائی الرٹ سکیورٹی پلان

؛37 ہزار اہلکار تعینات، 926 واک تھرو گیٹس اور 6753 میٹل ڈٹیکٹرز استعمال ہوئے، حساس مقامات پر سنائپرز اور لیڈی پولیس تعینات

جمعہ 15 اگست 2025 20:15

0لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوسوں، مجالس اور حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے آخری روز پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ مقدس مواقع کا پرامن اور محفوظ انعقاد یقینی بنایا گیا اور تمام مکاتب فکر سے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینے کی اپیل کی گئی۔چہلم کے موقع پر پنجاب بھر میں 644 مجالس اور 392 عزاداری جلوس منعقد ہوئے، جن کی سکیورٹی کے لیے 37 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات رہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی چیکنگ کے لیے 926 واک تھرو گیٹس اور 6753 میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کیے گئے جبکہ سیف سٹی کیمروں سے براہِ راست مانیٹرنگ کی گئی۔لاہور میں 44 مجالس اور 14 جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے، حساس امام بارگاہوں اور مرکزی جلوسوں کے روٹس پر سنائپرز کی پوزیشننگ کی گئی۔ خواتین عزاداروں کی چیکنگ کے لیے لیڈی پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر موجود رہیں۔سپیشل کنٹرول رومز سے دونوں تقریبات کی مسلسل نگرانی کی گئی جبکہ ٹریفک پولیس، سپیشل پولیس اور والنٹیئرز نے بھی سکیورٹی پلان میں بھرپور معاونت فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :