ج*یو ای ٹی لاہور میں یومِ آزادی کے موقع پر ''گرین کیمپس مہم'' کا آغاز

/پاکستان کے ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگانا چاہیے تاکہ ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکی: وائس چانسلر یو ای ٹی

جمعہ 15 اگست 2025 20:50

ا لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں ’’آزادی کا دن، سبز پاکستان کے نام‘‘ کے عنوان سے گرین کیمپس مہم کا آغاز کیا گیا۔ یہ شجرکاری مہم جشنِ آزادی کی تقریبات کا ایک اہم حصہ ہے، جس میں زلال خضر فاؤنڈیشن اور ای پی اے کے تعاون سے یو ای ٹی میں کیمپس کے مختلف حصوں میں ایک ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔

وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے نام کا پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اسکے علاوہ پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات، ڈینز، رجسٹرار، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز، پبلک ریلیشنز آفیسر اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے بھی پودے لگائے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ''یہ پودے صرف درخت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے زندگی ہیں''۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا تیزی سے ماحولیاتی تبدیلیوں کی طرف بڑھ رہی ہے اور ایسی صورتِ حال میں شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کے ہر شہری کو اپنے حصے کا پودا لگانا چاہیے تاکہ ملک کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے دن ملک کی ترقی و کامیابی کے لیے شجرکاری ایک خوبصورت اور بامعنی اقدام ہے، جو خوشحال پاکستان کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔تقریب کے اختتام پر ای پی اے فاؤنڈیشن کی جانب سے وائس چانسلر اور مہم میں شریک رضاکاروں کو شیلڈز پیش کی گئیں۔