بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زیارت اور بارکھان میں کارروائی ،14دکانداروں پرجرمانہ عائد ،زائد المعیاد وممنوعہ سامان ضبط

جمعہ 15 اگست 2025 21:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے زیارت اور بارکھان میں فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزی پر14دکانداروں پرجرمانہ عائد کردیا اور زائد المعیاد وممنوعہ سامان ضبط کرلیا۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم کی جانب سے سنجاوی ضلع زیارت میں کارروائیاں کی گئیں اورمتعدد خوراک کے مراکز کی چیکنگ کے دوران چھ دکانوں سے زائد المعیاد ٹکی ٹافیوں ، پاپڑ ، بسکٹ وغیرہ اور ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا پان پراگ کی بھاری مقدار برآمد کر کے ضبط کرلیاگیا، قوانین کے خلاف ورزی اور زائدالمعیاد خوردنی مصنوعات کی فراہمی پر دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کرکے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مضر اشیا موقع پر تلف کیاگیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عوامی شکایات اور صوبائی وزیر خوراک کی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے خصوصی طور پر تحصیل سنجاوی کا دورہ کیا ،جہاں متعدد خوراک کے مراکز کی چیکنگ کی گئی ، اس دوران معمولی نقائص پر مختلف مراکز مالکان کو اصلاحی نوٹسز اور لائسنس کا حصول ہر صورت یقینی بنانے کی تنبیہہ کی گئی ۔ اسی طرح عوام کو صاف ستھری اور ملاوٹ سے پاک محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بی ایف اے کی معائنہ ٹیم رکنی ضلع بارکھان پہنچ گئی ،چیکنگ کے دوران مختلف وجوہات پر 4 ہوٹلوں ، 1 پکوڑا شاپ ، 3 بیکریوں و بیکنگ یونٹس مالکان کے خلاف ایکشن لیکر بھاری جرمانے عائد کردئیے۔

اتھارٹی حکام کے مطابق ہوٹلوں کے خلاف صفائی کے نامناسب انتظامات ، دہی میں حشرات کی موجودگی ، خراب و باسی گوشت ذخیرہ کرنے اور صارفین کو آلودہ پانی کی فراہمی سمیت مختلف نقائص پر ایکشن لیا گیا۔پکوڑا شاپ مالک کو خراب و پرانے کوکنگ آئل میں اشیا تلنے اور پرنٹڈ پیپر میں اشیا کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا جبکہ بیکرز کے خلاف بیکنگ میں مضر صحت رنگوں کے استعمال ،زائدالمعیاد اشیا کی موجودگی ، صفائی و اشیا سٹوریج کے غیر صحت بخش انتظامات ، ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت اور حتمی پراڈکٹس پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخیں ظاہر نہ کرنے پر کارروائی کی گئی ۔

کارروائی کے دوران برآمد شدہ خراب کوکنگ آئل ،چائنیز نمک، نان فوڈ گریڈ کلرز اور بیکرز سے پکڑی گئیں تمام ایکسپائرڈ مضر صحت اشیا ضبط کرکے موقع پر تلف کر دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :