سنی رابطہ کونسل سکھر کی جانب سے معرکہ حق اور یوم آزادی کے موقع پر استحکام پاکستان و یکجہتی غزہ ریلی کا انعقاد

پاکستان کی نوجوان نسل کو دوقومی نظریہ کی اصل روح سے روشناس کرواکر اس کی آبیاری کریں گے،ریلی کے شرکاء سے مقررین کا خطاب

جمعہ 15 اگست 2025 21:10

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)سنی رابطہ کونسل سکھر کی جانب سے معرکہ حق اور یوم آزادی کے موقع پر عظیم الشان استحکام پاکستان و یکجہتی غزہ ریلی کا نکالی گئی جو مرکز اہلسنت جامعہ محمدیہ بچل شاہ بائے پاس سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی. جس میں مختلف علماء کرام نے خطاب کیا خصوصی خطاب سنی رابطہ کونسل ضلع سکھر کے امیر مولانا سید رشید احمد شاہ بخاری صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے کیا.اس موقع پر شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14اگست 1947 کو لاالہ الااللہ کی بنیاد پر بانیان پاکستان نے پاکستان کی بنیاد رکھی اسی نظریہ پر ہمارے اکابر نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور انشاء اللہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ سفیر امن قائد اہلسنت علامہ محمد احمد لدھیانوی اور جرنیل اہلسنت علامہ اورنگزیب فاروقی کی قیادت میں اس ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت بھی کریں گے اور پاکستان کی نوجوان نسل کو دوقومی نظریہ کی اصل روح سے روشناس کرواکر اس کی آبیاری کریں گے بدقسمتی سے ہماری قوم نے پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریے کو فراموش کردیا ہے جبکہ مملکت خداد پاکستان کی بقاء اور ترقی اسی میں ہے جس نظریہ پر ہمارے بڑوں نے پاکستان کی بنیاد رکھی، مقررین نے سکھر شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا اور مظلوم فلسطینی عوام کیساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پاکستان کی باشعور عوام سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا غلام نبی عثمانی،مفتی منصور احمد فاروقی، مولانا عبدالہادی کھوسو، قاری عبدالکریم برڑو، انجینئر عبدالرؤف کٹپر اور سید اکبر شاہ دیگر علماء کرام نے بھی خطابات کئے اور سندھ کے مشہور و معروف نعت خواں وقار عمر ڈنگراج نے قومی نغمے سٴْنا کر محب وطن پاکستانیوں سے خوب داد وصول کی۔آخر میں وطن عزیز کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔