تمام سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر پوری قوم کو متحد ہو کر سیلاب کی مشکل کا مقابلہ کرنا ہوگا

صوبائی حکومت صوبے میں سیلاب سے دوچار عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے تمام اقدامات کرے، یقین دلاتے ہیں کہ جماعت اسلامی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن کا علی امین گنڈا پور سے رابطہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 اگست 2025 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2025ء) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے صوبہ میں سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے کے ہنگامی اقدامات اور امدادی سرگرمیوں میں جماعت اسلامی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گفتگو کی۔

امیر جماعت اسلامی نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کی جانب سے جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکاران کو پہلے ہی ایمرجنسی اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت صوبے میں سیلاب سے دوچار عوام کو مشکلات سے نکالنے کے لیے تمام اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزمائش کے وقت سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر پوری قوم کو متحد ہو کر مشکل کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخوا نے جماعت اسلامی کے کردار کو سراہتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی نے صوبہ کے عوام کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے ایکس کے ذریعے تمام کارکنان کو امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایات دیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے پی شمالی کے امیر عنایت اللہ خان سے رابطہ کرکے بھی تازہ ترین صورت حال سے آگاہی حاصل کی۔ دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سیلاب نے تباہی مچا دی، پیربابا اور چغرزئی کے علاقے میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں میں کئی گاؤں بہہ گئے ، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 157 ہوگئی۔

ریسکیو 1122 نے بتایا کہ بونیر میں ایک ہی گھر کے 20 افراد مکان کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق ہیلی کاپٹر کی مدد سے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بونیر نے بتایاکہ سیلابی صورتحال کے باعث کئی افراد لاپتا ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے، پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہے۔