چینی وزیر خارجہ کا دورہ بھارت

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 16 اگست 2025 16:00

چینی وزیر خارجہ کا دورہ بھارت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 اگست 2025ء) چینی وزیرخارجہ یانگ یی اگلے ہفتے بھارت کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعات اور سرحدی تجارت کی بحالی کے موضوعات پر گفتگو کریں گے۔

بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی وزیرخارجہ وانگ یی 18 سے 20 اگست تک نئی دہلی کی دعوت پر بھارت کا دورہ کریں گے اور چینی بھارتی سرحدی مسئلے پر 24 ویں خصوصی نمائندہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ماضی میں بھی ہمالیائی سرحدی دروں کے راستے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت کا حجم عموماً کم رہا ہے، مگر اس کا دوبارہ آغاز علامتی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے۔

یہ تجارت 2020 میں دونوں ممالک کے درمیان مہلک سرحدی جھڑپوں کے بعد روک دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

وانگ یی کے بھارتی ہم منصب جے شنکر جولائی میں بیجنگ کا دورہ کر چکے ہیں۔

ایشیا کی یہ دونوں بڑی اقتصادی طاقتیں طویل عرصے سے خطے میں اسٹریٹیجک اثر و رسوخ کے لیے آپس میں مقابلہ کر رہی ہیں۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پابندیوں سے پیدا ہونے والی عالمی تجارتی اور جغرافیائی سیاسی ہلچل کے بعد انہوں نے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں چینی اور بھارتی حکام نے کہا ہے کہ دونوں ممالک سرحدی تجارت کی بحالی پر بات کر رہے ہیں۔

دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی اور سیاحتی ویزوں کے اجرا کے معاہدوں کو بھی تعلقات کی ازسر نو تعمیر کی کوشش کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

ادارات: مقبول ملک