امریکی سینیٹر کا میٹا کے اے آئی چیٹ بوٹس کی بچوں کے ساتھ ممکنہ طور پر نقصان دہ آن لائن گفتگو پر تحقیقات کا اعلان

ہفتہ 16 اگست 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) امریکی سینیٹر جوش ہالی نے میٹا کے اے آئی چیٹ بوٹس کی بچوں کے ساتھ ممکنہ طور پر نقصان دہ آن لائن گفتگو پر تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق جوش ہالی نے میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کو ایک خط لکھ کر اس رپورٹ سے متعلق تمام دستاویزات اور مراسلات طلب کیے ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ چیٹ بوٹس کو بچوں کے ساتھ رومانوی اور جذباتی گفتگو کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

میٹا کے ترجمان نے وضاحت کی کہ کمپنی کی پالیسیاں بچوں کو جنسی نوعیت سے جوڑنے والے مواد اور بالغوں و نابالغوں کے درمیان کسی بھی قسم کے جنسی کردار ادا کرنے کو سختی سے روکتی ہیں۔سینیٹر جوش ہالی نے کہا کہ سینیٹ کی جوڈیشری کمیٹی کی سب کمیٹی برائے کرائم اینڈ کاؤنٹر ٹیررازم تحقیقات کرے گی کہ آیا میٹا کی جنریٹیو اے آئی مصنوعات بچوں کے استحصال یا دیگر مجرمانہ نقصانات کو ممکن بناتی ہیں۔میٹا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھے اور انہیں 19 ستمبر تک کانگریس میں جمع کرائے۔