محکمہ صحت مردان سے بونیر کے متاثرین کےلئے 28 رکنی طبی ٹیم روانہ

ہفتہ 16 اگست 2025 12:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) محکمہ صحت مردان نے حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ضلع بونیر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلیے 28 رکنی میڈیکل ٹیم روانہ کردی ہے ۔ ڈی ایچ او آفس کی پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر روبینہ ریاض کے مطابق یہ میڈیکل ٹیم تین گاڑیوں پر مشتمل ہے، ٹیم میں تین لیڈی ڈاکٹرز سمیت 8 ڈاکٹرز شامل ہیں تاکہ خواتین متاثرین کو بھی بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر روبینہ نے بتایا کہ مشیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ کی خصوصی ہدایات پر ٹیم کے پاس وافر مقدار میں ضروری ادویات اور دیگر طبی سامان موجود ہے جبکہ اس ٹیم میں گائناکالوجسٹس، پیڈیاٹریشن اور فزیشن موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ او مردان کی زیر نگرانی متاثرہ علاقے میں سیلاب کے تناظر میں صحت عامہ کے امور بھی دیکھے جائیں گے تاکہ عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جاسکے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو مزید ڈاکٹرز اور ادویات بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ صحت مردان ہر ممکن کوشش کر رہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت طبی امداد پہنچائی جائے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :