بچوں کو ذبح کرنے والی سفاک ماں کے خلاف مقدمہ درج، معصوم بہن بھائی سپرد خاک

ہفتہ 16 اگست 2025 17:42

بچوں کو ذبح کرنے والی سفاک ماں کے خلاف مقدمہ درج، معصوم بہن بھائی سپرد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے میں اپنی ہی ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم بہن بھائی کو سپرد خاک کردیا گیا۔درخشاں پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت ملزمہ کے سابق شوہر غفران کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ ادیبہ نے اپنے 8 سالہ بیٹے ضرار اور 4 سالہ بیٹی سمیعہ کو بے رحمی سے ذبح کرکے قتل کیا۔

مقتول بچوں کی تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کردی گئی جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ غفران نے بتایا کہ جمعرات 14 اگست کی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب سابقہ اہلیہ ادیبہ نے فون پر اطلاع دی کہ آپ کو پتہ ہے میں نے کیا کردیا اور اس کے بعد ویڈیو کال پر دکھایا کہ دونوں بچے ذبح کر دیے گئے ہیں۔ غفران کے مطابق بچے اپنی والدہ کے پاس رہنے کے لیے گئے تھے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اطلاع ملتے ہی میں نے اپنے گھر والوں کو آگاہ کیا اور پولیس کو اطلاع دینے کے بعد جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوا۔ جب وہاں پہنچا تو میرا بھائی صہیب خالد اور گھر کا ملازم بھی موقع پر موجود تھا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اس لرزہ خیز واقعے نے شہر بھر کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :