وزیر اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی داتا دربار آمد،زائرین سے عرس انتظامات بارے دریافت کیا

ہفتہ 16 اگست 2025 18:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وزیر اوقاف ومذہبی امور پنجاب چوہدری شافع حسین نے داتا دربار پر حاضری دی،فاتحہ خوانی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی ۔صوبائی وزیر نے لنگر خانے کا بھی دورہ کیا،لنگر کی تیاری اور تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر نے داتا دربار کی مسجد کے صحن میں زائرین سے ملاقات کی اور عرس کے انتظامات بارے دریافت کیا، زائرین نے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف نے رواں سال پہلے سے بڑھ کر انتظامات کئے ہیں، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ڈی جی مذہبی امور خالد سندھو اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر رواں سال زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین دن میں 15لاکھ سے زائد عقیدت مند دربار پر حاضری کی سعادت حاصل کر چکے ہیں،دربار کی توسیع کا منصوبہ رواں سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ جرمنی سے اعلی معیار کی چھتریاں منگوائی جارہی ہیں جن کی تنصیب سے زائرین کو سہولت ملے گی۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ درباروں اور مساجد کی تزئین وآرائش پر 3 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں،درباروں اور مساجد میں صفائی نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،ڈی جی مذہبی امور،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار اور محکمہ اوقاف کے دیگر افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔