بارشوں سے متاثر ہونے والے عوام کے نقصان کا فوری ازالہ کریں گے، وزیر زراعت آزاد کشمیر میراکبرخان

ہفتہ 16 اگست 2025 23:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کے نقصان کا فوری ازالہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر آفس میں آفات سماوی کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کے بعد محکمہ جات سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان نے ضلع باغ میں ہونے والے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ محکمہ شاہرات کے ایکسین ذیشان بٹ نے بھی بارشوں سے سڑکوں کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔

سردار میر اکبر خان نے کہا کہ محکمہ جات فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ لگائیں، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا میں ہیں ہم بھی موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ریاست ہیں، ہمیں آفات سماوی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی سخت ضرورت ہے، ندی نالوں کے قریب تعمیرات سے زیادہ نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی اپنا راستہ لیتا ہے ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنی ہو گی، جن لوگوں کے گھر یا زمینیں متاثر ہوئی ہیں محکمہ جات انکا تخمینہ لگا ئیں گے حکومت فوری طور پر ادائیگیاں کرے گی، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں حالیہ بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ سمیت دیگر حادثات میں فوت شدگان کو بھی معاوضے دیئے جائیں گے، ایکسین شاہرات ضلع باغ میں تباہ ہونے والی سڑکوں کا فوری تخمینہ دیں تا کہ سڑکوں کی دو بارہ تعمیر جلد ممکن ہو سکے۔

وزیر حکومت نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے جہاں پوری دنیا متاثر ہے وہاں پر ہم بھی اسکا حصہ ہیں ، نالوں میں غیر قانونی تجاوزات کو فوری روکا جائے اور ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جو نالوں میں غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بطور معاشرہ ملکر ان تبدیلیوں کا سامنا کرنا ہے جس کے لیے سخت اقدامات کرنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں فوت شدگان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہے انسانی جان کا ازالہ تو نہیں کر سکتے البتہ ایسے متاثرین کی فوری امداد کی جا رہی ہے حکومت متاثرین کیساتھ ہر وقت کھڑی ہے اداروں کیساتھ تعاون کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں اداروں کو متحرک رہنا ہو گا تا کہ کوئی انسانی جان ضائع نہ ہو۔

وزیر حکومت نے ایکسین برقیات کو طوفانی بارشوں میں بجلی کی بحالی پر شاباش دی۔ بعد ازاں وزیر حکومت نے باغ شہر کی بائی پاس روڈ کو نالہ ماہل کے پانی سے ہونے والے نقصان کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر ہلڑ پل کے نیچے حفاظتی دیوار،مین پل کی فاؤنڈیشن کو مزید مضبوط کرنے، برقیات کے مین ٹاور پول دوسری جگہ منتقل کرنے،بائی پاس لاری اڈا کے قریب حفاظتی دیوار تعمیر کرنے، شیخ بستی کے قریب حفاظتی دیوار بھی تعمیر کرنے کے احکامات دیئے گئے۔