سی پی او کی تھانہ قطب پور میں کھلی کچہری

ہفتہ 16 اگست 2025 20:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) ملتان صادق علی ڈوگر نے تھانہ قطب پور میں کھلی کچہری لگائی ، شہریوں کی شکایات اور مسائل سنے اور ان کے حل احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کھلی کچہری میں ڈی ایس پی مظفرآباد بشیر احمد ہراج، مظفرآباد سرکل کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سی پی او ملتان نے سائلین کی شکایات کو سنا اور متعلقہ افسران کو موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو قانون اور میرٹ کی روشنی میں فوری حل کیا جائے، درخواست گزاروں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کیا جائے۔اس موقع پر سی پی او صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سننا اور موقع پر احکامات جاری کرنا ہے، تاکہ وہ سائلین جو دفتر آنے سے قاصر ہیں ان تک پہنچ کر ان کے مسائل حل کیے جا سکیں۔