نولبرٹو سولانو پاکستان فٹبال ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر

ہفتہ 16 اگست 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور تجربہ کار کوچ نولبرٹو سولانو کو پاکستان کی سینئر قومی فٹبال ٹیم اور انڈر-23 اسکواڈ کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔نولبرٹو سولانو لاہور میں واقع فٹبال ہاؤس پہنچے جہاں پی ایف ایف کے قائم مقام سیکرٹری جنرل محمد شاہد نیاز کھوکھر اور عملے نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق نولبرٹو سولانو نے کہا کہ میں پاکستان آ کر بہت اعزاز محسوس کر رہا ہوں۔ ہم اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں اور میرا مقصد ہے کہ ہم سب مل کر کچھ بڑا حاصل کریں۔انہوں نے ٹیم میں اتحاد اور نظم و ضبط کو ضروری قرار دیااور خاص طور پر اے ایف سی انڈر-23 کوالیفائرز (کمبوڈیا) کی تیاریوں پر زور دیا۔

(جاری ہے)

یہ آسان کام نہیں ہوگالیکن ہمیں میدان کے اندر اور باہر سخت محنت کرنا ہوگی۔

سولانو نے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں فٹبال کی ترقی میں کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے نئے کوچ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوچ سولانو بہترین تجربہ اور واضح وژن رکھتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ پاکستان کی ٹیم کو آگے لے جانے میں مددگار ہوں گے۔قائم مقام سیکرٹری جنرل شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اہم قدم ہے۔ کوچ سولانو کے ساتھ ہم ایک مضبوط فٹبال ڈھانچہ بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔