سپیکرقومی اسمبلی کا خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلوں کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس

ہفتہ 16 اگست 2025 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر، بٹگرام، ہزارہ، سوات، باجوڑ مالاکنڈ میں مون سون بارشوں اور بادل پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلوں کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے سیلاب متاثرین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے،مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کی عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مختلف سانحات میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں،متاثرین کے کرب اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے،مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عوام بالخصوص نوجوان متاثرین کی مدد کیلئے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال پوری قوم کیلئے امتحان ہے، سب ملکر اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں،اللہ تعالی غمزدہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ دے۔