سابق وزیراعلیٰ امیرحیدرخان ہوتی کا خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں، ہیلی کاپٹر حادثہ پر اظہار افسوس

ہفتہ 16 اگست 2025 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے خیبر پختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور ہیلی کاپٹر حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ، بونیر، سوات، بٹگرام اور مانسہرہ میں حالیہ سیلابی تباہ کاریاں نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہیں۔

اس کٹھن وقت میں ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وفاقی و صوبائی حکومت، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے فوری اور بھرپور امدادی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں تک بروقت سہولیات اور مدد پہنچ سکے۔ اسی کے ساتھ خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پانچ بہادر اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر مشکل حالات میں اپنے بھائی بہنوں کی مدد کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

(جاری ہے)

ان عظیم سپوتوں کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر ان کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کرے۔ اگرچہ ہم ان کے پیارے واپس نہیں لا سکتے، لیکن اس کرب اور دکھ کی گھڑی میں ہمیں بحیثیت قوم اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب کرے۔