بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع جلگائوں میں ہندو انتہاپسندوں نے21سالہ مسلمان نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا

ہفتہ 16 اگست 2025 23:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع جلگائوں میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک 21سالہ مسلمان نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا، جب اہل خانہ نے اسے بچانے کی کوشش کی تو ان پر بھی حملہ کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سوموار کو پیش آیا۔پولیس کے مطابق21سالہ سلیمان رحیم خان پٹھان سوموار کی صبح چھوٹی بیٹاوت گائوں میں واقع اپنے گھر سے پولیس بھرتی کے لیے آن لائن فارم بھرنے15کلومیٹر دور جامنیر کے لیے نکلا تھا۔

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ دو پہر 3.30بجے کے قریب جب خان ایک لڑکی کے ساتھ ایک کیفے میں بیٹھا تھا تو 8سے10لوگ وہاں آئے اور اس کا موبائل فون چھین لیا اور اسے پوچھ تاچھ کرنے لگے۔

(جاری ہے)

فون میں ایک تصویر دیکھنے کے بعد انہوں نے اس پر حملہ کرنا شروع کر دیا اور اسے گھسیٹ کر کیفے سے باہر لے گئے۔یہ کیفے مقامی تھانے سے چند میٹر کے فاصلے پر تھا۔ سلیمان رحیم خان کو اس کے گائوں لے جایا گیا جہاں اس کی بار بار پریڈ کرائی گئی اور اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور اسے اس کے گھر کے قریب ڈنڈوں سے مارا گیا۔

پولیس افسر نے بتایاکہ جب خان کے والدین اور بہن نے اسے بچانے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے ان پر بھی تشددکیا۔ مار پیٹ سے خان بے ہوش ہو گیا۔گائوں والے خان کو اسپتال لے گئے جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ان کے والد رحیم نے کہاکہ سلیمان میرا اکلوتا بیٹا تھا اور پولیس میں بھرتی کے امتحان کی تیاری کر رہا تھا۔ تقریبا 15 لوگ اسے ہمارے گھر کے پاس لائے۔

وہ اسے لاتیں اور مکے مار رہے تھے، کچھ نے تو اسے ڈنڈوں سے بھی مارا۔ گاں والوں نے ہمیں اطلاع دی اور ہم اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے بھاگے، اور ان میں سے کچھ نے مجھے مارنا شروع کر دیا۔ انہوں نے میری بیوی، بیٹی اور میرے 80سالہ باپ کو بھی نہیں بخشا۔ انہیں بھی لات اور گھونسے مارے گئے۔انہوں نے کہاکہ میرے بیٹے کا خون بہہ رہا تھا، اس کے جسم کا ایک حصہ بھی زخموں کے بغیر نہیں تھا۔ انہوں نے گائوں والوں کو دھمکایا تو کوئی مدد کے لیے آگے نہیں آیا۔ میرے بیٹے کا کسی لڑکی سے افیئر نہیں تھا۔ افیئر کی کہانی بالکل جھوٹی ہے۔ انہوں نے بس میرے بیٹے کو نشانہ بنایا۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں آٹھ افرادکو گرفتارکیاگیاہے۔