پاکستان مؤثر پالیسیوں، مضبوط اداروں اور ماہرین کی قیادت میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کر سکتا ہے، ماحولیاتی ماہر ڈاکٹر زینب

ہفتہ 16 اگست 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ماحولیاتی ماہر ڈاکٹر زینب نے کہا ہے کہ پاکستان مؤثر پالیسیوں، مضبوط اداروں اور ماہرین کی قیادت میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ ماحولیاتی تبدیلی نے موسم کے غیر متوقع پیٹرن پیدا کیے ہیں، پاکستان کے پاس اس کا مقابلہ کرنے کے لیے صلاحیت اور ماہرین موجود ہیں، جن میں ہائیڈروجلسٹس اور جیو ٹیکنیکل ماہرین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں درست عہدوں پر تعینات کیا جائے اور بااختیار بنایا جائے۔ڈاکٹر زینب نے زور دیا کہ ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد،منصوبہ بندی، شہری ترقی،اور مضبوط مقامی حکومتیں پاکستان کو سیلاب اور خشک سالی جیسے مسائل سے نمٹنے کے قابل بنا سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 2022 کی ہیٹ ویوز جیسے واقعات سے سبق سیکھ کر پاکستان اپنی زراعت کو بہتر بنا سکتا ہے اور برآمدات کو محفوظ بنا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ماحولیاتی موافقت کی منصوبہ بندی میں سرمایہ کاری کرے تو وہ ماحولیاتی چیلنجز کو پائیدار ترقی اور مضبوط کمیونٹی ریذیلینس کے مواقع میں بدل سکتا ہے۔