خضدار ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ کی ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے ملاقات ،اہم مسائل پر تبادلہ خیال

ہفتہ 16 اگست 2025 23:25

O خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2025ء)چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمیداللہ مینگل بھی موجود تھے۔ ملاقات کا مقصد شہر کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال اور ان کے حل کے لیئے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنا تھا۔

گفتگو کے دوران شہری سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وڈیرہ محمد صالح جاموٹ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن شہر کی رونقیں بحال کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیئے پرعزم ہے۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود شہر کی ترقی کے لیئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے میونسپل کار پوریشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجر برادری اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اور انہیں پرامن ماحول میں کاروبار کے مواقع فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔حافظ حمیداللہ مینگل نے تاجر برادری کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کے لیئے تجاویز پیش کیں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کو سراہا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ باہمی مشاورت سے شہری مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا