صادق آباد میں پولیس پارٹی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ

اتوار 17 اگست 2025 14:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں پولیس پارٹی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی ہوا جو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد دم توڑ گیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت عمر عرف ٹائیگر کے نام سے ہوئی ہے جو قتل، وہیکلز چوری، ہوائی فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت متعدد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم عمر عرف ٹائیگر علاقہ میں اسلحہ کے زور پر خوف و ہراس پھیلاتا اور شہریوں کو ڈراتا دھمکاتا تھا۔ وہ پہلے بھی قتل کے مقدمے میں پولیس حراست میں رہا ہے مگر اس کے ساتھیوں نے مسلح مزاحمت کے ذریعے اسے چھڑا لیا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے ناکہ بندی کے دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرنے پر ایس پی راول، ایس ڈی پی او نیو ٹاؤن اور صادق آباد پولیس کو شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔