پی بی اے کوریا کے زیر اہتمام جنوبی کوریا میں جشن آزادی ،معرکہ حق کے حوالے سے شاندار تقریب

اتوار 17 اگست 2025 17:50

گوئی یانگ سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) پاکستان بزنس ایسوسی ایشن (پی بی اے)کوریا کے زیر اہتمام جشن آزادی ، معرکہ حق کا رنگا رنگ اور شاندار پروگرام گو یانگ سٹی میں منعقد ہوا۔ تقریب میں پاکستانی اور کوریائی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔گو یانگ سٹی سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جنہیں حاضرین نے کھڑے ہو کر سنا اور اپنے اپنے وطن سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی گویانگ سٹی کے میئر نے پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور پاک-کوریا ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے سفیر سید معظم علی شاہ نے تقریب سے خطاب میں پی بی اے کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ کمیونٹی پاکستان کے غیر رسمی سفیر ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات کو بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان اور کوریا کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے دو ایم او یو پر دستخط بھی کیے گئے ۔پاکستانی نغموں اور موسیقی سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔ پاکستان سے آئے فنکار علی عباس اور مناہل ابرار نے شاندار پرفارمنس دی۔معروف یوٹیوبر مسٹر الیکس نے پاکستان کے سیاحتی مقامات اور اپنے تعلیمی منصوبوں پر ڈاکومنٹری پیش کی جسے خوب پذیرائی ملی۔

پی بی اے کی قیادت بشمول صدر رحیم شاہ، چیئرمین مدثر چیمہ، جنرل سیکرٹری میاں صغیر احمد اور نائب صدر محمد کاظم نے اپنے خطابات میں کمیونٹی اتحاد، پاکستان کی آزادی کی اہمیت اور پاک-کوریا تعلقات پر زور دیا۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی اور کورین معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ آخر میں منہاج القرآن کے علامہ رضا قادری نے اختتامی دعا کروائی۔واضح رہے کہ یہ تقریب جشن آزادی ،معرکہ حق کے تھیم کے تحت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔