ابوظہبی، پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا سیلاب متاثرین سے اظہارِ ہمدردی، یو اے ای میں یومِ آزادی کی تقریبات ملتوی

اتوار 17 اگست 2025 18:50

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے حالیہ سیلاب کے باعث پاکستان کے مختلف علاقوں بشمول خیبر پختونخوا کے اضلاع بونیر ، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ و دیگر علاقوں اور کشمیر و گلگت بلتستان میں قیمتی جانوں اور گھروں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ المیہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک کڑا امتحان ہے۔

فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارت میں بسنے والے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہوں، غم بانٹیں اور ہر ممکن تعاون کریں۔انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک سانحہ کے پیشِ نظر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارت میں منعقدہ یومِ آزادی کی تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔