ں*مرکزی مسلم لیگ کی بونیر، باجوڑ اور شانگلہ میں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری

سیلاب متاثرین کی مدد میں مرکزی مسلم لیگ پیش پیش، صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر کارروائیاں تیز

اتوار 17 اگست 2025 20:30

qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2025ء) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو ہدایت پر بونیر ،باجوڑ اور دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار روزِ اول سے ہی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں،پکا پکایا کھانا کھلایا جارہا ہے ،امدادی کیمپس ،موبائل کیمپس متاثرہ علاقوں میں کام کررہے ہیں۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ خدمت خلق کے چیئرمین چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے کہا کہ بونیر اور باجوڑ کے علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد قیامت خیز مناظر ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق مرکزی مسلم لیگ باجوڑ میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ بونیر اور شانگلہ میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے علاوہ خوراک، صاف پانی اور ادویات کا بندوبست کیا گیا ہے۔ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ کے مطابق باجوڑ اور بونیر میں مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ایک موبائل میڈیکل سروس بھی چلائی جا رہی ہے جو متاثرین کو طبی امداد اور ادویات فراہم کر رہی ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کی مقامی اور صوبائی قیادت، جن میں عارف اللہ خٹک، ترجمان مرکزی مسلم لیگ خیبرپختونخوا محمد عبداللہ سمیت دیگر رہنما شامل تھے، نے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر عارف اللہ خٹک نے کہا کہ بونیر بازار اور اس کے اطراف میں سیلاب نے جو نقصان پہنچایا وہ ناقابلِ تصور ہے۔ پورے دیہات تباہ ہو گئے ہیں۔ ہمیں اللہ سے عافیت طلب کرنی چاہیے۔

ہماری ضلعی قیادت اور کارکنان متاثرہ علاقوں میں خود سروے کرکے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ میں اپنے تمام کارکنان اور مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔ گزشتہ رات مرکزی مسلم لیگ شعبہ خدمت خلق اسلام آباد کے چیئرمین عبدالبصیر کی قیادت میں امدادی قافلہ پیر بابا پہنچا، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور دور دراز دیہات اور ہسپتالوں میں پکا پکایا کھانا بھی تقسیم کیا۔

عبدالبصیر نے بتایا کہ ہمارے سامنے کئی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ یہاں ریسکیو آپریشنز، پکا پکایا کھانا اور میڈیکل کیمپس کی اشد ضرورت ہے۔ بونیر میں مرکزی مسلم لیگ کی ذیلی تنظیم مسلم سٹوڈنٹس لیگ کی ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں موجود ہے۔ انہوں نے بچوں میں بسکٹس، جوس اور دیگر اشیائے خوردونوش تقسیم کیں۔