معاون خصوصی ریلیف کادورہ بونیر،،متاثرہ علاقو ں کاجائزہ لیا

اتوار 17 اگست 2025 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری ملک نیک محمد خان داوڑ نے ضلع بونیر کے دورے کے دوران دوسرا دن متاثرین سیلاب کے ساتھ گزارا۔ جہاں انہوں نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا اور وہاں کے لوگوں سے ملاقات اور تعزیت کی۔انہوں نے محکمہ ریلیف کے ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور سول ڈیفنس کے ریسکیو و ریلیف آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو متاثرین کی فوری مدد کے لیے ہدایات جاری کیں۔

ملک نیک محمد خان داوڑ نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے شہداء، زخمیوں اور بے گھر ہونے والے افراد کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر صوبائی وزیر نے محکمہ کی جانب سے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ:شہداء کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔

زخمیوں کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے امداد فراہم کی جائے گی۔جبکہ سیلاب سے متاثرہ مال مویشیوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔دکانوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی فوری معاوضہ ادا کیا جائے گا۔وزیر ریلیف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرین کی ہر ممکن معاونت اور بحالی کے اقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولت میسر آسکے۔