ایس ای سی پی نے پبلک آفرنگ ریجیم میں حتمی ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اتوار 17 اگست 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پبلک آفرنگ ریگولیشنز 2017 اور پبلک آفرنگ (ریگولیٹڈ سیکیورٹیز ایکٹیویٹیز لائسنسنگ) ریگولیشنز 2017 میں حتمی ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ ترامیم ایکویٹی سیکیورٹیز، ڈیبٹ انسٹرومنٹس اور REIT اسکیمز کے عوامی اجراء سے متعلق قوانین کا احاطہ کرتی ہیں۔

ترامیم کا اطلاق 6 اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا، آئندہ تمام آئی پی اوز ان ترامیم کے مطابق ہوں گے۔ان ترامیم کا مقصداجراء کنندگان اور سرمایہ کاروں کے لیے آئی پی او کے عمل کو بہتر بنانا،مارکیٹ میں مسابقت کو فروغ دینا،جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا،شفافیت کو فروغ دینا،اور سرمایہ مارکیٹ میں ایک مضبوط اور جامع قیمت دریافت کا نظام متعارف کرانا ہے۔

(جاری ہے)

اب بینک اور ڈیولپمنٹ فنانس انسٹی ٹیوشنز (DFIs) ایکویٹی آفرنگ کے لیے "کنسلٹنٹ ٹو دی ایشو" کے طور پر کام کر سکیں گے۔روایتی سنگل بُک رنر ماڈل کو ختم کر کے ایلیجبل پارٹیسپینٹ کا نیا ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جو زیادہ سرمایہ کاروں کی شمولیت اور شفاف قیمت کے تعین کو یقینی بنائے گا۔مزید معلومات اور مکمل نوٹیفکیشن ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔