اردن کا یورپ کے لیے کم لاگت فضائی پروازیں بحال کرنے کا اعلان

پیر 18 اگست 2025 11:34

عمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) اردن نے یورپ کے ساتھ کم لاگت فضا ئی پروازیں اگست کے آخر سے دوبارہ شروع کرنے اور ان میں توسیع کا اعلان کیا ہے تاکہ علاقائی کشیدگی سے متاثرہ سیاحت کو بحال کیا جا سکے۔ شنہوا کے مطابق ہنگری کی فضائی کمپنی ’’وز ایئر‘‘ 26 اگست سے بوڈاپسٹ سے عمان کے لیے اپنی پرواز بحال کرے گی، جو ہفتے میں دو مرتبہ چلائی جائیں گی۔

یہ اقدام اردن میں بجٹ ایئرلائنز کی واپسی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزیر سیاحت و نوادرات مکرّم القیسی کے مطابق26۔2025 کے سرمائی سیزن میں کم لاگت پروازوں کا اب تک کا سب سے بڑا نیٹ ورک متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت رایان ایئر، وز ایئر اور یوروونگز سمیت مختلف ایئرلائنز اردن کو یورپ کے 18 شہروں سے براہِ راست جوڑیں گی۔

(جاری ہے)

بحیرہ احمر کے ساحلی شہر عقبہ کے لیے پولینڈ کے کاتوائس اور وارسا، رومانیہ کے بخارسٹ اور بلغاریہ کے صوفیہ سے چار نئی پروازیں بھی شروع کی جائیں گی، جو عقبہ کو بیچ اور سرمائی سیاحت کا مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

اردن ٹورازم بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرازق عربیات نے کہا کہ سرمائی پروازوں کا آغاز 16 ستمبر سے ہوگا جو مارچ 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ آئندہ موسم گرما تک ان خدمات میں اٖاجے کی بھی منصوبہ بندی ہے۔سیاحت کو فروغ دینے کے ان اقدامات کے نتیجے میں اردن کے مشہور مقامات جیسے پیٹرا، وادی رم، بحیرہ مردار اور عقبہ میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد مزید بڑھنے کی توقع ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال کی پہلی ششماہی میں سیاحتی آمدن میں 11.9 فیصد اضافہ ہوا ہے جو تقریباً 3.67 بلین امریکی ڈالر کے برابر ہے۔