عرفان پٹھان نے آئی پی ایل میں کمنٹری پینل سے باہر نکالے جانے کی وجہ بننے والے کھلاڑی کا نام اوپن کر دیا

ہاردک پانڈیا نے کمنٹری کے دوران میرے تجزیے میں استعمال ہونے والے الفاظ پر شکایت کی تھی : سابق کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 اگست 2025 12:14

عرفان پٹھان نے آئی پی ایل میں کمنٹری پینل سے باہر نکالے جانے کی وجہ ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اگست 2025ء ) سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے رواں سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے کمنٹری پینل میں شامل نہ کیے جانے کی وجہ بتا دی۔
ریٹائرمنٹ کے بعد عرفان پٹھان بھارتی کمنٹری پینل کے ایک مستقل رکن رہے اور کھیل کی سب سے مشہور آوازوں میں سے ہیں۔
لیکن رواں سال وہ حیران کن طور پر آئی پی ایل میں کمنٹری کرتے نظر نہیں آئے جس پر بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ عرفان کو کمنٹری پینل سے باہر کیا گیا کیونکہ براڈ کاسٹرز سابق بھارتی آل راؤنڈرز کی جانب سے ذاتی رنجشوں کو کمنٹری اور سوشل میڈیا پر لانے سے خوش نہیں تھے۔

 
عرفان پٹھان کا اس وقت تو اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا تھا تاہم اب انہوں نے بھارتی ٹیم کے اس کھلاڑی کا نام بتایا ہے جس کو تنقید کا نشانہ بنانے پر انہیں رواں سال آئی پی ایل کے کمنٹری پینل سے باہر کردیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی ڈیجیٹل میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عرفان پٹھان نے انکشاف کیا کہ بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا وہ کھلاڑی تھے جن کے اعتراض کی وجہ سے انہیں کمنٹری پینل میں شامل نہیں کیا گیا۔

عرفان پٹھان نے بتایا کہ ہاردک پانڈیا نے کمنٹری کے دوران میرے تجزیے میں استعمال ہونے والے الفاظ پر شکایت کی تھی۔ 
عرفان پٹھان نے کہا کہ اگر میں 14 میں سے 7 میچز میں تنقید کرتا ہوں تو یہ پھر بھی نرمی ہے۔ ہمارا کام ہی کھلاڑیوں پر تجزیہ کرنا ہے۔ اس میں کوئی برائی نہیں۔ اگر آپ کھیلتے ہیں تو آپ کو تنقید برداشت کرنی پڑے گی۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ بحیثیت براڈ کاسٹر ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایمانداری سے تجزیہ کریں۔البتہ تنقید کو کبھی بھی ذاتی ناپسندیدگی نہ سمجھا جائے۔
عرفان پٹھان نے زور دے کر کہا کہ ان کی ہاردک کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور ہمیشہ سے وہ کھلاڑیوں کی حمایت کرتے آئے ہیں، جن میں ہاردک اور ان کے بھائی کرونال پانڈیا بھی شامل ہیں۔