Live Updates

جنگلات کے کٹاؤ سے سیلاب اور فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہاہے،شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا ناگزیرہے، سپیکرقومی اسمبلی

پیر 18 اگست 2025 14:54

جنگلات کے کٹاؤ سے سیلاب اور فضائی آلودگی  میں اضافہ ہو رہاہے،شجرکاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جنگلات کے تیزی سے کٹائو کے باعث طوفانی بارشیں، زمینی کٹائو، سیلاب، فضائی آلودگی اور غیرمتوقع موسمی تغیرات جیسے مسائل سنگین شکل اختیا ر کرچکے ہیں ، اس صورتحال سے نجات کےلئے شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا ناگزیرہے۔ پیرکو قومی یوم شجرکاری کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا ناگزیر ہے،جنگلات کے کٹاؤ سے بارشیں، سیلاب اور فضائی آلودگی بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں ۔ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہ کاریاں روکنے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کر نا ہوگی۔

(جاری ہے)

سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا بنانا ہماری اولین ترجیحات میں ہونا چاہئے کیونکہ آنے والی نسلوں کو صاف ماحول دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے،جنگلات پانی کو جذب کرکے فلیش فلڈز کو روکتے ہیں اس لیےدرختوں کی افزائش اور نگہبانی ناگزیر ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ درخت ماحولیاتی توازن اور کرۂ ارض کے حسن کے ضامن ہیں۔سپیکر نے کہا کہ جنگلات سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور قحط کے خطرات سے بھی بچاتے ہیں، اس لیےشجرکاری کو مستقل قومی تحریک بنایا جائے،پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوام اور حکومت کو مشترکہ عزم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب ضروری ہوگیا ہے کہ سکولوں اور شہروں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات چلائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں، ان کی نگہداشت بھی ضروری ہے،پائیدار ترقی کے لیے ہر فرد شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات