یورپ ہمارے میزائلوں کی پہنچ میں ہے، ایران

ایران سمندر سے امریکا کوبھی میزائلوں سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے،امیر حیات مقدم

پیر 18 اگست 2025 16:59

یورپ ہمارے میزائلوں کی پہنچ میں ہے، ایران
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن میجر جنرل امیر حیات مقدم نے کہا ہے کہ ایران سمندر سے امریکا کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق امیر حیات مقدم نے مزید کہا یہ خارج از امکان نہیں ہے کہ اگلیایرانی میزائل واشنگٹن اور نیویارک تک پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

امیر حیات مقدم نے مزید کہا کہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ تقریبا 20سال سے بحری جہازوں اور بحری ٹکڑوں سے میزائل لانچ کرنے کی ضروری صلاحیتوں کو تیار کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ ایران دس ہزار کلومیٹر کے فاصلے کے باوجود اپنے جہازوں کے ساتھ امریکی ساحلوں سے دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ سکے اور اس کے بڑے شہروں کو نشانہ بنا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام یورپی ممالک بھی ایرانی میزائلوں کی پہنچ میں ہیں۔ ایرانی میزائلوں کی صلاحیت برطانیہ، فرانس، جرمنی اور مغربی و مشرقی یورپ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔