آئندہ چند ماہ میں تمام پبلک سکولز بہترین حالت میں ہوں گے‘ چیئرمین ٹاسک فورس فار ایجوکیشن

وزیر تعلیم کے تمام ٹیم ممبران ایک ایک سکول جا کر خود سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں‘ مزمل محمود

پیر 18 اگست 2025 17:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر ایڈوائزر ٹو منسٹر اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے تعلیم مزمل محمود نے ننکانہ صاحب کے پبلک سکولوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سہولیات کے فقدان، بلڈنگ، کلاس رومز اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے سہولیات کی فراہمی، فوری تعمیر و مرمت، بجٹ اور حکمت عملی پر تفصیلی ہدایات دیں۔

مزمل محمود نے موقع پر سول انجینئرز سے بھی سکولوں کی ری ایویلیشن کروائی اور مختلف امور کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ مزمل محمود نے ایجوکیشن افسران سے کہا کہ بنیادی سہولیات کی کمی والے سکولوں کو ترجیح دی جائے اور سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانے کا مشن پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سکولوں میں بہترین سہولیات ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔

بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی اور تمام سکولوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا یقینی بنائیں۔ مزمل محمود نے کہا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی ہدایت پر ان کے تمام ٹیم ممبران ایک ایک سکول میں جا کر خود سہولیات اور حالت زار کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں تمام پبلک سکولز بہترین حالت میں ہوں گے۔