ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ملک سیف الملوک کھوکھر کی جلسہ عام میں شرکت

پی پی 168، یو سی 111 ہنجروال میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز

پیر 18 اگست 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ایم این اے و صدر لاہور مسلم لیگ (ن) ملک سیف الملوک کھوکھر نے پی پی 168، یو سی 111 ہنجروال، آمنہ پارک ٹینکی والی گلی میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے سلسلے میں منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام میں شرکت کی۔جلسہ عام سے قبل مین ملتان روڈ، بالمقابل اعظم گارڈن کے سامنے استقبالیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں دونوں رہنماؤں کا شاندار استقبال کیا گیا۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وڑن کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرے گا۔

یہ منصوبے سیاست نہیں بلکہ خدمت خلق کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے یو سی 111 میں متعدد نئی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 122 کروڑ روپے کی لاگت سے 06 بڑے منصوبے شروع ہوں گے، جن میں نئی سیوریج لائنز، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دی گئی ہے۔ایم این اے و صدر لاہور مسلم لیگ (ن) ملک سیف الملوک کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ہمیشہ عوامی خدمت اور ترقی رہا ہے۔

آج جس طرح اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے عوام کی دہلیز پر پہنچائے جا رہے ہیں، یہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اور خدمت کے جذبے کا عملی ثبوت ہے۔ ہم اپنے قائدین میاں نواز شریف، شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خوشحالی اور ترقی کے سفر کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی اعتماد کو خدمت کے ذریعے سراہا ہے اور آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی صرف ن لیگ کی حکومت ہی یقینی بنا سکتی ہے۔

جلسہ عام میں ہزاروں افراد، مختلف سیاسی و سماجی رہنما، اور ممبران لوکل باڈی نے بھرپور شرکت کی اور ترقیاتی اسکیموں پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی وڑن اور عوامی خدمت کے مشن میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔