صحافی خاور حسین کی لاش ملنے کا معاملہ، دوبارہ پوسٹ مارٹم مکمل، تحقیقات جاری

خاور حسین کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں،تفتیشی حکام

پیر 18 اگست 2025 17:55

صحافی خاور حسین کی لاش ملنے کا معاملہ، دوبارہ پوسٹ مارٹم مکمل، تحقیقات ..
نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)سانگھڑ میں کار سے صحافی خاور حسین کی لاش ملنے کے واقعے نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ واقعہ سامنے آتے ہی پولیس کی اعلی تفتیشی ٹیم سانگھڑ پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج فیصل بشیر میمن نے جائے وقوعہ پر موجود گاڑی کا جائزہ لیا جبکہ ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ نے اب تک کی ابتدائی تفتیشی معلومات سے انہیں آگاہ کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کو مختلف پہلوں سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور خاور حسین کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ادھر صحافی خاور حسین کا دوبارہ پوسٹ مارٹم سول اسپتال حیدرآباد میں مکمل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متوفی کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ کیے گئے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ ایک سے دو روز میں جاری کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فارنزک ماہرین سمیت تین رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس نے مختلف نمونے حاصل کیے ہیں۔ ان نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ کہا جا سکے گا کہ خاور حسین کی موت خودکشی کے نتیجے میں ہوئی یا یہ قتل کا واقعہ ہے۔ڈاکٹر وسیم خان نے واضح کیا کہ فی الحال کسی بھی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس اور میڈیکل ٹیم نے تحقیقات کو شفاف اور سائنسی بنیادوں پر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔