جیکب آباد میں ڈکیتی و فائرنگ کی وارداتیں، نوجوان ڈرائیور زخمی، شہریوں سے موٹرسائیکل و نقدی چھین لی گئی

پیر 18 اگست 2025 17:57

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء) جیکب آباد میں ڈکیتی و فائرنگ کی وارداتیں، نوجوان ڈرائیور زخمی، شہریوں سے موٹرسائیکل و نقدی چھین لی گئی، بروہی برادری کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعات کے دوران ایک ڈرائیور زخمی جبکہ شہریوں سے موٹرسائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی، جیکب آباد کے صدر تھانے کی حدود گاؤں حاجی لکمیر بروہی میں نامعلوم مسلح افراد صالح بروہی سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے واقعے کے بعد بروہی برادری کے لوگوں نے بائی پاس پر دھرنا دے کر ٹائروں کو آگ لگا دی اور سڑک بلاک کردی، جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی مظاہرین نے بدامنی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جائے اور ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، دوسرے واقعے میں ٹھل جیکب آباد روڈ پر بھٹہ گڑہی کے قریب کار سوار سے لوٹ مار کی کوشش کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نوجوان ڈرائیور مکھنو ٹانوری گولی لگنے سے زخمی ہوگیا زخمی کو تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا، علاوہ ازیں جیکب آباد کے صدر تھانے کی حدود نئون واہ کے مقام پر مسلح افراد محمد رفیق عمرانی سے موٹرسائیکل، موبائل فون اور پانچ ہزار روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے، اسی طرح میرپور برڑو کے رہائشی ماجد الطاف برڑو کو نامعلوم ڈاکوؤں نے روک کر موبائل فون اور نقد رقم چھین لی اور با آسانی فرار ہوگئے ضلع میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کا گشت بڑھایا جائے اور جرائم پیشہ عناصر کو فوری گرفتار کیا جائے۔