وکلاء کیخلاف مقدمات پرپنجاب بار کونسل کی ہڑتال کی کال

پیر 18 اگست 2025 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء) وکلاء کیخلاف مقدمات کے اندراج پر پنجاب بار کونسل نے صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دی تاہم لاہور ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری رہی جبکہ ماتحت عدالتوں میں جزوی ہڑتال دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر ممبران نے وکلاء کیخلاف درج مقدمات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات وکلاء برادری کے خلاف انتقامی کارروائی ہیں۔

ہڑتال کی کال پر صوبے کی ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں وکلاء کی ایک بڑی تعداد نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔ادھر ہڑتال کی کال کے باوجود لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت حسبِ معمول جاری رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے عدالت عالیہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، جس میں چھ ریزرو پولیس دستے شامل تھے۔