پنجاب یونیورسٹی طلبہ کا لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

پیر 18 اگست 2025 22:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2025ء)پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے ہاسٹلز میں رہائش کی سہولیات کی کمی اور مسائل کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ہاسٹل کم اور ضرورت مند طلبہ زیادہ ہیں جس کے باعث رہائش کا بحران سنگین شکل اختیار کر چکا ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ بوائز ہاسٹلز کم کر کے لڑکیوں کو دیے جا رہے ہیں جبکہ بوائز کی تعداد اس وقت 26 ہزار ہے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق یونیورسٹی کی فیسوں میں دوگنا اضافہ ہو چکا ہے لیکن سہولیات میں بہتری نہیں آئی۔طلبہ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں آخری بار نیا ہاسٹل 1992 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اگر رہائش اور بنیادی سہولیات نہ ملیں تو طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہوگی۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، ہاسٹلز میں سہولتیں بہتر بنائی جائیں اور ضرورت کے مطابق نئے ہاسٹلز تعمیر کروائے جائیں