ن لیگ نے اجازت نہ ملنے پر آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کیے، اے این پی

پیپلز پارٹی سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، ترجمان عوامی نیشنل پارٹی

پیر 18 اگست 2025 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2025ء)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اعلامیے سے متعلق میڈیا رپورٹس کو بے بنیاد قرار دے دیا۔اے این پی کے ترجمان انجینئر احسان اللہ خان کے مطابق پیپلز پارٹی نے اے پی سی اعلامیے پر دستخط کیے ہیں، میڈیا پر چلنے والی خبریں حقائق کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اخونزادہ چٹان نے اعلامیے پر دستخط کیے اور کمیٹی میں بھرپور کردار ادا کیا۔

اے این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل نے فائنل مسودے سے مکمل اتفاق کیا تھا اور اعلامیہ کمیٹی کے فیصلوں کے گواہ 20 جماعتوں کے نمائندے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وفد کو "اجازت" نہ ملنے پر دستخط نہ ہوسکے، جبکہ پیپلز پارٹی سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔