نئی دہلی کے 4سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول،طلبا محفوظ مقامات پر منتقل

پیر 18 اگست 2025 22:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں ایک بار پھر سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد پولیس نے سکولوں کی عمارتیں خالی کرالی ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دہلی میں ای میل کے ذریعے چار سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ان میں دہلی پبلک سکول، ماڈرن کانونٹ سکول،شری رام ورلڈ سکول اور ماڈرن سکول شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دھمکی ملتے ہی پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ا ورسکولوں کی عمارتوں کو خالی کرا لیاگیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ سکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ والدین کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ دھمکی کا ای میل شرارتی عناصر کا بھی ہو سکتا ہے۔

لوکیشن اور نمبر کو ٹریس کیاجارہا ہے ۔واضح رہے کہ بھارت میں سکولوں کو بم کو اڑانے کی دھمکیاں ملنا ایک معمول بن گیا ہے ،اس سے قبل بھی نئی دہلی کے متعدد سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں، جو بعدازاں افواہ ثابت ہوئیں اور ابھی تک پولیس ان دھمکیوں میں ملوث کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی ہے ۔