پنجاب حکومت نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تلاش کرے گی

بیلاروس سمیت دیگر ممالک میں نوجوانوں کے لیے زرعی، صنعتی اور تعمیراتی شعبوں میں ملازمتیں دستیاب سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کو غیر ملکی سفارتخانوں سے براہِ راست رابطے کی اجازت مل گئی ، سرکاری ذرائع

منگل 19 اگست 2025 17:33

پنجاب حکومت نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تلاش کرے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء)پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے بیرونِ ملک مواقع تلاش کرنے کا عملی قدم اٹھاتے ہوئے غیر ملکی سفارتخانوں اور مشنز سے براہِ راست رابطے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کو غیر ملکی مارکیٹس سے براہِ راست رابطے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ بیرونِ ملک اداروں سے رابطہ کر کے نوجوانوں کے لیے زرعی، صنعتی اور تعمیراتی شعبوں میں نوکریوں کے مواقع تلاش کرے گا۔بیلاروس نے پاکستان کو مختلف شعبوں میں نوکریوں کی پیشکش کی ہے، جس سے پاکستانی نوجوانوں کو بیرونِ ملک بہتر مواقع حاصل ہو سکیں گے۔ وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ سے منظوری لینے کے بعد اس منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ بدلتے عالمی حالات میں فوری اور براہِ راست روابط ناگزیر ہیں اور نوجوانوں کو باوقار روزگار دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔