ڈپٹی کمشنر سوات کا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) سوات کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

منگل 19 اگست 2025 18:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) سوات سید نعمان علی شاہ کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔منگل کو ضلعی انتظامیہ سوات کے مطابق اس موقع پر انہوں نے گلی گلی اور گھر گھر جا کر متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کی مشکلات دریافت کیں اور جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر سوات کی ہدایات پر مذکورہ علاقوں میں فوری طور پر کھانا بھی متاثرین تک موقع پر پہنچایا گیا ، جو متاثرین میں تقسیم کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران میلہ ڈاگ، بنگلہ دیش، ملابابا، زاہدآباد اور مینگورہ کے دیگر متاثرہ مقامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ گھروں اور گلیوں کا خود معائنہ کیا اور متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ ان مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن وسائل استعمال میں لا کر ریلیف اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران، مشینری اور عملہ دن رات متاثرہ علاقوں میں مصروفِ عمل ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے اور معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال ہو۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کے اقدامات مکمل نہ ہو جائیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر عوام کو یقین دلایا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کسی بھی خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ریلیف و بحالی کا یہ عمل آخری متاثرہ فرد تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :