صرف 28 فیصد مسافر اپنی سفری منصوبہ بندی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کرتے ہیں،کیسپرسکی سروے

منگل 19 اگست 2025 18:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)کیسپرسکی کے ایک حالیہ سروے کے مطابق صرف 28 فیصد افراد سفر کی منصوبہ بندی کے لیے مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیل انٹیلیجنس پر انحصار کرتے ہیں، تاہم ان میں سے 96 فیصد نے اس تجربے کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ 84 فیصد نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اے آئی کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔سروے سے ظاہر ہوا کہ اے آئی اب ایک عام ٹول کی صورت اختیار کر چکا ہے اور 72 فیصد شرکاء نے بتایا کہ وہ اسے کم از کم ایک بار ضرور استعمال کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ 76 فیصد ا ستعمال تحقیق کے لیے کیا جاتا ہے ، اس کے بعد 45 فیصد کام اور40 فیصد تعلیم کے مقاصد کے لیے کیا جاتا ہے۔ تفریح اور تجربات 39 فیصد کے ساتھ برابر درجے پر رہے۔ جبکہ سفر کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کا تناسب صرف 28 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

دلچسپ امر یہ ہے کہ جنہوں نے سفر میں اے آئی کا سہارا لیا، ان میں سے 70 فیصد نے تفریحی سرگرمیوں، مقامات اور یادگار خریداری کی نشاندہی کے لیے اسے استعمال کیا۔

66 فیصد نے رہائش کا انتخاب، 60 فیصد نے ریستوران کی فہرست تیار کرنے اور 58 فیصد نے ٹکٹ تلاش کرنے کے لیے اے آئی کا استعمال کیا۔ سروے سے یہ بھی پتا چلا کہ بچوں والے خاندان اس ٹیکنالوجی کو زیادہ استعمال کرتے ہیں، جس سے وقت کی بچت میں مدد ملتی ہے۔دوسری جانب بکنگ کے معاملات میں اے آئی پر انحصار کم رہا۔ سروے کے مطابق 45 فیصد افراد نے ہوٹل، 43 فیصد نے ٹکٹ اور صرف 38 فیصد نے ریستوران اے آئی کے ذریعے بک کیے۔

البتہ 45 فیصد نے ویزا اور امیگریشن سے متعلق مسائل میں بھی اس سے مدد لی۔ کاسپرسکی اے آئی ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے گروپ منیجر ولادیسلاو تُشکانوف کا کہنا ہے کہ اے آئی کا کردار روزمرہ کے مسائل حل کرنے میں تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ صارفین کو ذاتی نوعیت کے نتائج فراہم کرتا ہے اور وقت کی بچت کرتا ہے۔ تاہم، ضروری ہے کہ صارفین اس کے فراہم کردہ ڈیٹا کی صداقت پر نظرثانی کریں اور حتمی فیصلے خود کریں۔

''کاسپرسکی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سفر کے دوران ہمیشہ اے آئی سے حاصل کردہ معلومات کو دوبارہ چیک کریں۔ غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس پر خریداری یا بکنگ سے گریز کریں، بیرون ملک موبائل انٹرنیٹ کے لیے ای سم کا استعمال کریں۔ اپنی ڈیوائسز کو مضبوط پاس ورڈز اور سیکیورٹی سافٹ ویئر سے محفوظ بنائیں۔