یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس کو صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کا رکن مقرر کر دیا گیا

منگل 19 اگست 2025 19:15

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر عثمان منہاس کو صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کا رکن مقرر کر دیا گیا۔ پروفیسرڈاکٹرعثمان منہاس کو پنجاب کی مختلف جامعات کے نامزد پروفیسرز اور ڈینز میں سے ایک جامع انٹرویو کے بعد منتخب کیا گیا۔ اُن کی تعیناتی کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب نے دی جس کی پنجاب کابینہ نے بھی توثیق کی۔

صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ جو محکمہ صحت پنجاب کے تحت کام کرتا ہے ادویات اور طبی آلات کے معیار، افادیت اور حفاظت کو یقینی بنانے والا ایک اہم ریگولیٹری ادارہ ہے۔ یہ ادارہ ادویات کے ضابطہ کار، لائسنسنگ اور کوالٹی کنٹرول جیسے اہم امور میں فعال کردار ادا کرتا ہے تاکہ صوبے میں عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس تعیناتی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹرعثمان منہاس کو مبارکباد دی اور اُن کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

اُنہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر عثمان منہاس کی شمولیت نہ صرف یونیورسٹی آف سرگودھا کے تعلیمی وقار میں اضافہ کرے گی بلکہ صوبے میں ادویات اورطبی آلات کے معیار اورریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردارادا کرے گی۔