سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی، اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار

منگل 19 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2025ء) گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اورڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

سپیکر نے اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ امداد اور بحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کرے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی صرف حکومت کی نہیں، پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ آج ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کی مدد کو پہنچیں جو شدید کرب اور مشکلات سے گزر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بونیر میں خاندانوں کے خاندان اجڑ گئے ہیں، جن کے غم میں وہ برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں بھائی چارے اور ایثار کی مثال قائم کی ہے، اور اب بھی وقت آ گیا ہے کہ ہم اجتماعی طور پر سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سرگرم ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ان افراد کے لیے دعائے مغفرت کی جو سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے، اور کہا کہ جن کے پیاروں کی لاشیں اب تک نہیں مل سکیں، ان کے دکھوں کا مداوا الفاظ سے ممکن نہیں، مگر ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور دعائیں ہمارے دل سے نکلتی ہیں۔