رائے ونڈ میں ہفتہ صفائی کا آغاز،کئی ماہ سے قائم ڈمپنگ پوائنٹ کو صاف کردیا گیا

منگل 19 اگست 2025 21:16

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)رائے ونڈ میں ہفتہ صفائی کا آغاز،کئی ماہ سے قائم ڈمپنگ پوائنٹ کو صاف کردیا گیا،ہفتہ صفائی مہم میں سینکڑوں سینٹری ورکرز اور ہیوی مشینری ڈیوٹی سرانجام دے گی،مہم کا آغاز فیکٹری ایریا سے کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے حوالے سے ایل ڈبلیو ایم سی نے رائے ونڈ میں ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا،انتظامیہ نے ہیوی مشینری اور درجنوں ورکرز کیساتھ صفائی مہم کا آغازفیکٹری ایریا میں طویل عرصے سے قائم ڈمپنگ پوائنٹ کے خاتمے سے کیا،ڈمپنگ پوائنٹ کی موجودگی سے صنعتی کارکنان کو شدید پریشانی لاحق تھی،ہفتہ صفائی مہم کے دوران رائے ونڈ تحصیل کو کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں سے پاک کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹائونمنیجر سید علی رضا نے کہا کہ رائے ونڈ شہر اور مضافاتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مثالی بنانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ دن رات کام کریگا۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار انڈسٹریل ایریا میں صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے طویل عرصے سے قائم ڈمپنگ پوائنٹ کا خاتمہ کیا گیا ہے عالمی تبلیغی اجتماع اور فیکٹری ایریا کے قریب قائم اس ڈمپنگ پوائنٹ کے خاتمے سے ماحول خوشگوار ہو گیا ہے ایل ڈبلیو ایم سی نے یہ بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے کہ اجتماع روڈ پر قائم مذکورہ ڈمپنگ پوائنٹ سے صنعتی کارکنان کی صحت خراب ہونے کیساتھ راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جو کہ اب ختم ہوجانے پر صنعتی ملازمین نے ایل ڈبلیو ایم سی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی مہم کے دوران رائے ونڈ شہر کو بھی کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیروں سے پاک کردیا جائیگا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت ایل ڈبلیو ایم سی شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔