Live Updates

صوابی کلاؤڈ برسٹ، تیرانداز اورنگزیب کا پورا خاندان ملبے تلے دب گیا، امدادی کارروائیاں جاری

منگل 19 اگست 2025 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)صوابی کے علاقے دالوڑی بالا میں اچانک ہونے والے کلاؤڈ برسٹ نے قیامت ڈھا دی۔ شدید بارش کے باعث آنے والے سیلابی ریلے نے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں 15 سے 20 مکانات تباہ ہو گئے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد قمر کے مطابق 7 مکانات مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق، صرف ایک تباہ شدہ مکان کے ملبے تلے 15 افراد موجود ہیں، جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ سعودی عرب سے چند روز قبل واپس آنے والے معروف تیرانداز اورنگزیب کا خاندان بھی شامل ہے۔ دل دہلا دینے والی اطلاعات کے مطابق اورنگزیب کی تین کمسن بیٹیاں بھی ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

سڑکیں بہہ جانے کے باعث بھاری مشینری کی منتقلی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو اہلکار کئی گھنٹے پیدل سفر کرکے متاثرہ گاؤں تک پہنچے اور چھوٹے آلات جیسے کٹرز سے ملبہ کاٹ کر لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں۔اب تک 11 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن بلاتعطل رات بھر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقے میں فوری طور پر کمبل اور خوراک پہنچا دی گئی ہے۔ملبے تلے دبے افراد کی زندگی بچانے کی آخری امیدیں باقی ہیں، اور ہر لمحہ قیمتی بنتا جا رہا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :