کوہاٹ، محکمہ ریونیو میں اکھاڑ پچھاڑ ،53 پٹواریوں کی تقرری و تبادلوںکے احکامات جاری

منگل 19 اگست 2025 20:15

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے چارج سنبھالتے ہی بڑے پیمانے پرمحکمہ ریونیو میں اکھاڑ پچھاڑ کرکے 53 پٹواریوں کی تقرری و تبادلوںکے احکامات جاری کئے۔ ان تبادلوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان تبادلوں کے لئے پہلی بارقرعہ اندازی کا طریقہ اپنایا گیا تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناجاسکے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز نو تعینات ڈپٹی کمشنررحیم اللہ محسود کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر لاچی اور محکمہ ریونیو کے افسروں اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ریونیو اہلکاروں کی تقرری و تبادلے کا عمل بھی شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا اور کوہاٹ کی تاریخ میں پہلی بار قراندازی کا طریقہ اپنایا گیا جسے تمام اہلکاروں کے سامنے منعقد کیا گیا۔

(جاری ہے)

قراندازی کے پرچے ریونیو اہلکاروں و افسروں نے خود نکالے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا کہناتھا کہ میرٹ اور شفافیت کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور عوامی سہولت کے لیے ریونیو نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے باضابطہ طورپر تینوں تحصیلوں کوہاٹ‘ لاچی اور گمبٹ کے علاوہ انتظامی دفاتر میں عرصہ دراز سے تعینات 53 پٹواریوں کی تقرری و تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے۔