وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی ملاقات، سیلابی نقصانات پرگفتگو

منگل 19 اگست 2025 20:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔گورنر سید مہدی شاہ نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی مقامات پر سسپنشن برج اور آر سی سی پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔گورنر نے جے ایس آر، غذر ایکسپریس وے، نلتر ایکسپریس وے اور بابوسر روڈ کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور وفاقی حکومت سے فوری بحالی اور مرمتی کام کے لیے تعاون کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات نے گورنر کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث گلگت بلتستان کے مواصلاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے اور عوام سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلد نقصانات کا تخمینہ لگاکر مرمتی کاموں کا آغاز کر دیا جائے گا۔