شاہین ہسپتال سرجیکل اینڈ میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹر اور نرس کے خلاف ماں بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج

لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کردیا گیا

منگل 19 اگست 2025 20:55

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2025ء)پولیس کسووال نے اڈہ اقبال نگر شاہین ہسپتال کے سرجیکل اینڈمیڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹر محسن منظور اور نرس ارم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چک 45پندرہ ایل میاں چنوں کے محمداظہر کی بیوی ادیبہ سعدیہ حاملہ حالت میں15اگست کو 2بجے دن تکلیف کے سبب ہسپتال لائی گئی تو نرس ارم نے سرسری چیک اپ کے بعد ڈاکٹر محسن منظور کو بلالیا اورچند ٹیسٹ کروانے کے بعد فوری آپریشن بچہ کی پیدائش کا لازم قراردیا اور بچے کی پیدائش کے بعد بچہ کو مزید حفاظت کاکہہ کرایک طرف رکھ لیا اور بیوی ادیبہ سعدیہ کو بے ہوشی کی حالت میں نشترہسپتال ملتان ریفرکردیا۔

اس دوران 15کال پر پولیس آئی تو بچہ مردہ تھا اور بیوی کو نشتر ہسپتال لے گئے جو ذیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے دم توڑ گئی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اورنرس نے غفلت لاپرواہی سے بیوی اور بچے کو ہلاک کر دیا جس پر ورثاء نے روڈ بلا ک کرکے لاشوں کو رکھ کر احتجاجی مظاہر ہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے انکوائری کے بعد ذمہ داروں کے خلاف ایکشن کا حکم دیا ۔ ماں بیٹے کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیا۔ پولیس کسووال نے محمداظہر کی مدعیت میں ڈاکٹر محسن منظور اور نرس ارم کے خلاف مقدمہ 302اور 34ت پ درج کرلیا ہے ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہوسکے۔