Live Updates

کیریبین پریمیئر لیگ ، سینٹ لوشیا کنگز کا فاتحانہ آغاز،سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو 3رنز سے شکست کا سامنا

بدھ 20 اگست 2025 10:00

سینٹ کٹس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) دفاعی چیمپئن سینٹ لوشیا کنگز نے کیریبین پریمیئر لیگ کے چھٹے میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو3 رنز سے شکست دے کر لیگ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ سینٹ لوشیا کنگز کا ابتدائی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ سینٹ لوشیا کنگز کی جانب سے ملنے والے 201 رنز ہدف کے تعاقب میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بناسکی ۔

روسٹن چیس کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو وارنر پارک، باسیٹری، سینٹ کٹس میں کھیلے گئے سی پی ایل کے چھٹے میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے کپتان مایہ ناز آل رائونڈر جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

(جاری ہے)

دفاعی چیمپئن سینٹ لوشیا کنگز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بناکر سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 201 رنز کا ہدف دیا۔

روسٹن چیس نے 61 رنز کی اننگز کھیلی، اوپننگ بلے باز جانسن چارلس 52 رنز اور ٹم ڈیوڈ 46 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے ۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقار سلام خیل ، فضل الحق فاروقی اور کائل مائرز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر نسیم شاہ اور کپتان جیسن ہولڈرنے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم مطلوبہ 201 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 197 رنز بناسکی۔ کپتان جیسن ہولڈر نے 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 6 فلک شگاف چھکے اور 3 چوکے شامل تھے ،نیوین بدیسی 50 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔دفاعی چیمپئن سینٹ لوشیا کنگز کے کیری پیئر،کپتان ڈیوڈ ویز اور روسٹن چیس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سینٹ لوشیا کنگز کے روسٹن چیس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔یہ سینٹ لوشیا کنگز کی سی پی ایل میں پہلی فتح ہے۔\932
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات