برآمدات اور غیر ملکی ترسیلات زر بڑھانے کیلئے مصنوعی ذہانت میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کو فروغ دینا ہوگا،ریحان نسیم

بدھ 20 اگست 2025 12:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) برآمدات اور غیر ملکی ترسیلات زر بڑھانے کیلئے پاکستان کو صرف ٹیکسٹائل سیکٹر پر انحصار کرنے کی بجائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے اور دیگر غیر روایتی شعبوں کی پائیدار ترقی پر توجہ دینے کے علاوہ مالی معاملات میں ڈسپلن، ٹیکنالوجی اور بہترین گورننس کو فروغ دینا ہوگا۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرریحان نسیم نے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مہارت اور علم کو مسلسل اپ ڈیٹ کر کے بڑھتے ہوئے پیچیدہ کاروباری ماحول میں آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جب انہوں نے چیمبر کی صدارت کا منصب سنبھالا تو یہاں صرف ٹیکسٹائل کی بات ہوتی تھی تاہم بعدازاں تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے عالمی منظر نامے کے حوالے سے آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے ٹیک اینڈ سٹائل کا انوکھا اور اچھوتا نظریہ پیش کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پر توجہ کے باوجود ہماری متعلقہ برآمدات صرف 2.6ملین ڈالر تھیں جبکہ انڈیا اس شعبہ سے کئی گنا زیادہ کما رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو عملی طور پر ہنر مند بنا رہے ہیں جس کے مفید نتائج حاصل ہوں گے۔