لاہور،انسداد تجاوزات کے گرینڈ آپریشنزشہر بھر میں جاری، 757 عارضی و مستقل تجاوزات ختم

بدھ 20 اگست 2025 15:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن لاہور کاشف جلیل کی نگرانی میں انسداد تجاوزات آپریشنز شہر بھر میں جاری ہیں جن کے دوران 757 عارضی و مستقل تجاوزات ختم کی گئیں جبکہ 301 مستقل و عارضی تعمیرات مسمار کر دی گئیں، 10 ٹرکوں پر مشتمل سامان ضبط کیا گیا، اس کے علاوہ 258 بینرز، پوسٹرز، سٹیمرز اور بصری آلودگی کا سامان بھی ہٹا دیا گیا۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کےمطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا کی قیادت میں انتظامیہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے،اہم مقامات جن میں شاہ عالم مارکیٹ، باغبانپورہ، اڈا پلاٹ، فیروز پور روڈ، ٹائون شپ، ویلنشیا ٹائون اور گلبرگ شامل ہیں، بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، اسی طرح لبرٹی مارکیٹ، اسلام پورہ اور غالب مارکیٹ میں بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم او آر کاشف جلیل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ادھر، ڈپٹی کمشنر سید موسٰی رضا نے واضح کیا ہے کہ شہر سے ہر قسم کی تجاوزات کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق لاہور کو تجاوزات سے پاک بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں میسر ہوں اور سڑکیں و گلیاں کشادہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :